نیک لوگ انہی کا ساتھ دیتے ہیں جو ان کے رنگ کے ہوں اور کمینے انہی کا ساتھ دیتے ہیں جو ان کے ڈھب پر ہوں۔ فحش بکنے والے کے برابر کوئی بے شرم نہیں ہے۔
تندرستی پر ہیز کے سوا حاصل نہیں ہو سکتی اور تقویٰ کو غلبہ شہوت کے سوا کوئی چیز بگاڑ نہیں سکتی۔
عمل صالح کے برابر کوئی تجارت نہیں اور خیر خواہ دوست جیسی کسی شخص میں مہربانی اور شفقت نہیں۔
حیا جیسی کوئی صفت نہیں اور سخاوت جیسی کوئی فضیلت نہیں۔
خواہش نفس کو مغلوب کرنے کے برابر کوئی پر ہیز گاری نہیں اور خوف الہی کے برابر کوئی علم اور واقف کاری نہیں۔
ظالموں کی دوستی کا خواستگار نہ ہو بلکہ جو لوگ وفاداری اور دوستی کے حقوق کی حفاظت کریں ان کے ساتھ دوستی پیدا کرو۔
سخت دلی سے بڑھ کر کوئی خصلت زیادہ کمینی اور خراب نہیں اور شہوت پرستی سے بڑھ کر کوئی فتنہ عظیم اور باعث عذاب نہیں
تمہاری فضیلت عمل سے اور شرف و کرم تمہارے بذل سے ظاہر ہوتا ہے۔
عورتوں پر اپنے بوجھ نہ ڈالو یعنی جو کام خود نہ کر سکتے ہو وہ ان کے سر پر نہ ڈالو اور جہاں ہو سکے عورتوں سے مستغنی رہو کیونکہ ان کی عادت ہے کہ وہ اپنے احسان کو بار بار جتلاتی اور شوہر کے احسان کو بھول جاتی ہیں۔
اپنی جان کو لالچ کا غلام نہ بنا اور حرص کے اسباب کی اطاعت نہ کر ورنہ ان سے تجھے شقاوت اور ذلت پیش آئے گی۔
آخرت کے اعمال کے ذریعہ سے دنیا کو تلاش نہ کر اور دنیا کو آخرت پر اختیار نہ کر کہ یہ منافقوں کی خصلت اور دین سے بے بہرہ لوگوں کی صفت ہے۔